حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام خامنہ ای مدظلہ کے قرآنی افکار کی بین الاقوامی کانفرنس کی بین الاقوامی کمیٹی کے چیئرمین حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر محمد یعقوب بشوی نے کانفرنس کی پالیسی ساز کونسل سے اپنے خطاب میں زور دے کر کہا کہ آج ہماری ذمہ داری کیا ہے؟ اس سلسلے میں آپ بزرگوں کے سامنے ایک حدیث پیش کرتا ہوں۔ امیر المومنین امام علی علیہ السلام نے فرمایا: "من نام عن نصرۃ ولیہ انتباہ بوطأة عدوہ"! اپنی رسالت، ذمہ داری اور میدان میں حاضر اور موجود رہنا بہت ضروری ہے یہ موجودگی یا غیر موجودگی بہت سے لوگوں کی قسمت کا تعین کرتی ہے۔ خدا جانے ہم قافلے سے کتنے پیچھے ہیں۔ ہم چھوٹے اور کم نتائج والے کاموں کو کتنی اہمیت دیتے ہیں اور بہت سارے اہم کام ہماری ترجیحات میں شامل نہیں ہیں۔ دوسروں کے مقابلے میں ہم بہت پیچھے ہیں، ہم مذہبی تعلیمات اور عظیم ہستیوں کو دنیا میں کس حد تک متعارف کروانے میں کامیاب ہوئے ہیں؟یہ ایک سوال ہے ہمیں اس کا جواب ڈھونڈنے کی ضرورت ہے۔دنیا میں 7000 ہزار زبانیں ہیں اور تحریف شدہ بائبل کا 4200 زبانوں میں ترجمہ ہو چکا ہے، لیکن قرآن مجید کا صرف 120 زبانوں میں ترجمہ کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر بشوی نے کہا کہ بین الاقوامی کمیٹی اب تک 18 ممالک سے 21 زبانوں میں 250 مضامین تیار کرنے میں کامیاب ہو چکی ہے۔ میری ڈاکٹر عباسی کو تجویز ہے کہ ایک آزاد اور مستقل بین الاقوامی کمیٹی بنائی جائے۔ مختلف ممالک میں المصطفیٰ کے نمائندوں کو اس ملک میں اس کانفرنس کا انعقاد کرنا چاہیئے۔ بین الاقوامی کمیٹی کے مضامین کی ڈیڈ لائن میں توسیع کرے تو بہتر ہوگا۔